میڈیکل کالج 57

پی جی ایم آئی اور امیرالدین میڈیکل کالج کا سالانہ کانووکیشن 7 فروری کومنعقد ہوگا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ (PGMI) اور امیرالدین میڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔

یہ باوقار تقریب 7 فروری کو لاہور جنرل ہسپتال ‘پنز’ آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی، جس میں 171 گریجویٹس کو ڈگریاں اور 128 نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز سے نوازا جائے گا۔ کانووکیشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی کفایت شعاری مہم کی روشنی میں اس بار تقریب کسی نجی مقام کے بجائے ایل جی ایچ کی اپنی حدود میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سرکاری وسائل کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مادرِ علمی کے احاطے میں اعزازات حاصل کرنا مستقبل کے مسیحاؤں کے لیے باعثِ فخر ہوگا، کیونکہ اسی ادارے نے انہیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی ہے۔ انہوں نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نوجوان ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ تدریس اور علاج کے شعبوں میں معیار کو مزید بلند کیا جا سکے۔ پرنسپل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے لیے تمام شعبہ جات کے درمیان مؤثر کوآرڈی نیشن اور فیڈ بیک کا نظام ناگزیر ہے اور حکومت و عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ٹیم ورک کے جذبے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں