پی آئی این ایس

پی آئی این ایس میں فالج اور نیورو سرجری کے علاج کیلئے جدید سہولتیں دستیاب

لاہور19اکتوبر(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مشیر صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنز (PINS) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ نیورو سرجری جیسے پیچیدہ امراض کے لئے پنجاب حکومت اہم اقدامات اٹھار ہی ہے اور اس حساس شعبے میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے عوام کو وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جن میں دماغی اینوریسم aneurysmکے علاج،پیچیدہ دماغی سرجری اور ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن شامل ہیں اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں میڈیکل کے شعبے میں پنجاب حکومت مزید تبدیلیا ں اور بہتری متعارف کروائے گی جس سے عام آدمی کو ریلیف حاصل ہوگا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ PINS میں اسٹروک سینٹر قائم کیا گیاہے جو پنجاب بھر کے تمام اضلاع سے آنے والے مریضوں کو”راؤنڈ دی کلاک” سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پنز”اپنی خدمات کے اعتبار سے سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے جہاں علا ج معالجے کے لئے جدید طبی سہولیات میسر ہیں اور مریض ملک بھر سے دماغی امراض کے لئے اس ادارے کو ترجیح دیتے ہیں۔پروفیسر آصف بشیر نے بتایا کہ ہم مریضوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کرنا ہے جس کے لئے ادارہ اپنے وسائل کے مطابق بہتر سے بہتر پلان کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

مشیر صحت ڈاکٹر اظہر کیانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کی خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات بلا امیتاز فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں شعبہ صحت میں مزید ترقیاتی منصوبے متعارف کرائے جائیں گے تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات میں مزید بہتری مل سکے۔ ڈاکٹر اظہر کیانی نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صحت کی بہتری کے وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ہر ایک شہری کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر سینئر ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف نے مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر کیانی کاحوصلہ افزائی پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔