لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پنجاب کے کارکن بلدیاتی الیکشن جیتنے کیلیے تیار اور متحرک ہو جائیں۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے، نا اہلوں سے صوبہ چل رہا ہے نہ ملک،بھگتنا عوام کو پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے مہنگائی اور بیروزگاری صرف پیپلز پارٹی ختم کر سکتی ہے، ناراض جیالوں کو واپس لا کر متحرک کرینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنانا مشن ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی انہوں نے اپنے جاری پیغام میں کہا تھا کہ پورا ملک معاشی عدم استحکام کی لپیٹ میں آچکا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ذہنی نابالغوں کی حکومت عوام کا حقہ پانی بند کررہی ہے، پاکستان کے مجموعی قرضے 42 ہزار ارب سے بڑھ چکے ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا تھا کہ افراط زر 10 فیصد ہوچکا ہے اور ڈالر مسلسل روپے کا استحصال کر رہا ہے، اس حکومت سے نہ عام آدمی خوش ہے اور نہ ہی کارخانہ دار، ایل این جی بر وقت نہ خریدنے والوں کو کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔