امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری 9

پٹرول کی قیمت میں کمی عوامی دباؤ کی کامیابی، مزید ریلیف دیا جائے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر کمی عوامی دباؤ اور مہنگائی کے خلاف جاری عوامی جدوجہد کی کامیابی ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل، مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے منفی اثرات کے خلاف بھرپور آواز بلند کی ہے، جس کے نتیجے میں حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کمی خوش آئند ضرور ہے، لیکن موجودہ معاشی حالات میں یہ ناکافی ہے اور عوام کو مزید ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت فوری طور پر 225 روپے فی لیٹر تک لائی جائے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد تمام لیوی اور اضافی ٹیکسز ختم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں حکومت کے لیے ضروری ہے کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حقیقی ریلیف فراہم کرے۔ بجلی، گیس، اشیائے خورونوش اور ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے اخراجات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ متوسط اور غریب طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ بدقسمتی سے اکثر اوقات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آتی۔ حکومت کو اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے اثرات عملی طور پر عوام تک منتقل ہوں تاکہ مہنگائی میں حقیقی کمی واقع ہو سکے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے مزید کہا کہ حکومت پٹرول کی قیمتوں کو کم از کم تین سال کے لیے منجمد کرنے کی پالیسی اختیار کرے تاکہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں استحکام پیدا ہو۔

مستحکم ایندھن پالیسی سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر عوام کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ محمد جاوید قصوری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو ان کا حق دلانے اور معاشی انصاف کے قیام تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں