نہال ہاشمی

پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی ، نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت منظور

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی سے متعلق مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت منظور کر لی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے انہیں بیس بیس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ اس سے قبل نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کو سعود آباد کے تھانے سے بکتر بند میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت لے جایا گیا تھا، اس موقع پر عدالت کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ پیشی کے دوران وکلا نے پولیس اہلکاروں کو کمرہ عدالت سے نکال دیا تھا اور کہا تھا کہ کوئی پولیس والا کمرہ عدالت میں نہیں آئے گا۔

عدالت کے باہر نہال ہاشمی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ سول کپڑوں میں میرے بیٹوں کو ڈالے میں لے کر گئے ہیں، میں اور میری اہلیہ تھانے گئے تو انہوں نے ہم سے بدتمیزی کی۔ نہال ہاشمی ایڈووکیٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ اہلکار وہاں فون پر بات کر رہے تھے کہ انہیں ٹھیک کر دیں گے، وہاں پر کچھ لوگ سادہ کپڑوں میں بھی تھے۔