ریلی

پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پاک فوج سے اظہار تشکر کیلئے ریلی

لاہور14مئی(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے عددی برتری رکھنے والے دشمن کو شکست فاش دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ جنگیں جذبہ ایمانی سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے اعلی پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے جس میں پاکستان کے شاہینوں نے دنیا بھر میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سپوتوں نے دشمن پر جس دلیرانہ انداز میں اپنی دہاک بٹھائی ہے اُسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔پروفیسر الفرید ظفر نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو ساری قوم کا فخر قرار دیا جس سے 24کروڑ عوام کے سر بلند ہو گئے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پی جی ایم آئی /اے ایم سی کے زیر اہتمام ریلی کے شرکاء و صحافیوں سے گفتگو میں کیا جس میں ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر شائستہ مبین، ڈاکٹر عائشہ قمر، ڈاکٹر شازیہ اکبر خان، پرنسپل نرسنگ کالج روبینہ انعام، پروفیسر کنول سعید، پروفیسر منزہ ظہیر،ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، اے ایم سی کے سٹوڈنٹس، نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات نے شرکت کی جنہوں نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور عسکری اداروں کے حق میں نعروں پر مبنی پلے کارڈ ز اٹھا رکھےٍ تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف ایک امن پسند ملک ہے لیکن ہمارے غیور عوام اور مسلح افواج وطن عزیز کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور پاکستان کی بہادر افواج وطن عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی انکھ کو نوچ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جاہلیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورآ پریشن "بنیان المرصوص" میں دشمن کے ناپاک عزائم کو جس حکمت، دلیری اور مہارت سے ناکام بنایا گیا وہ پاک فوج کی عظیم مہارت کا آئینہ دار ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس دشمن کے جنگی طیاروں اور ایئر ڈیفنس سسٹم کو زمین بوس کر کے ترقی یافتہ ممالک کے جنگی ماہرین کو بھی حیرت زدہ کر دیا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا قرآن پاک میں اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ" اگر سچے مومن ہو گے تو تم ہی فتح یاب رہو گے  اور تمہاری قلیل جماعت بڑے لشکر پر غالب آئے گی"۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی استحکام اور دفاع کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ پاکستان ایک مظبوط معیشت رکھنے والا ترقیافتہ ملک بن کر اقوام عالم میں نام پیدا کر سکے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ فتح صرف ایک فوجی آپریشن کی کامیابی نہیں بلکہ قوم کے اعتماد، اتحاد اور حوصلے کی فتح ہے جسے تاریخ میں سنہری حرو ف سے لکھا جائے گا۔ریلی میں شہناز ڈار، رمضان بی بی، شازیہ یعقوب، آسیہ معراج،روبینہ ابراہیم اور نرسنگ کالج کی کثیر تعداد میں طالبات نے شرکت کی