پنجاب کابینہ کمیٹی

پنجاب کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کی منظوری دےدی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی نے تعلیمی ادارے کھولنے کے بارے میں محکمہ تعلیم کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

لاہور میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سفارش کی کہ نویں تا دسویں کلاس کے لیے 18 جنوری سے سکول کھول دینے چاہییں۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سکول کھلنے کے بعد وبا کی شرح میں اضافہ متوقع ہے۔ پچھلے ہفتے سے کورونا کے نئے مریضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے صوبہ بھر میں نئے مریضوں کی شرح اوسطا 5 فیصد رہی۔لاہور میں یہ شرح اوسطا دس فیصد، راولپنڈی میں سات فیصد اور فیصل آباد میں پانچ فیصد رہی۔

کمیٹی نے 18جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اجلاس کے دوران کہا کہ سکول کھلنے کے بعد آٹھ فروری کو جائزہ لے کر دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی مہم تیز کرنے کی ضرورت ہے۔