میٹرک 59

پنجاب بھر میں میٹرک امتحانات کا آغاز، 27 لاکھ سے زائد طلبہ شریک

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور سمیت پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں 27 لاکھ 96 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے لیے صوبے بھر میں 4 ہزار 92 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 247 سینٹرز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔امتحانی عمل کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لیے 383 مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی اور نگرانی کے لیے 45 ہزار 844 نگران عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

لاہور میں امتحانات کے پہلے روز عربی، جغرافیہ اور تاریخِ پاکستان کے پرچے لیے جا رہے ہیں، امتحانات کے انعقاد کے لیے شہر بھر میں 880 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ امیدواروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے 26 مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے جبکہ تمام امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ امیدواروں کو بھی مکمل شناخت کے بعد ہی سنٹر میں داخل ہونے دیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق میٹرک کا آخری پرچہ 16 اپریل کو پنجابی اور تاریخِ اسلام کا لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں