لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، اوپننگ بیٹرز فخر زمان اور صائم ایوب تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں کھلاڑی انجری سے صحت یاب ہونے کے مرحلے سے گزر رہے ہیں اور یہ دونوں کرکٹرز پی سی بی میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں ری ہیب کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق فخر زمان اور صائم ایوب کو آسٹریلیا کے خلاف 30 مئی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے سلیکشن سے باہر رکھا گیا ہے تاکہ وہ مکمل فٹنس حاصل کرسکیں۔
بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسکواڈ اور دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق مزید اپڈیٹس مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔









