اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان نے کہاہے کہ پاکستان میں 38 موبائل فون کمپنیاں چالیس ہزار ملازمتیں فراہم کر چکی ہیں، مقامی صنعت کو مراعات دینا اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان، نے ٹرانسشن ٹیکنو کے سی ای او عامر اللہ والا اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے نمائندوں کے ساتھ موبائل فون ڈیوائس پالیسی پر زوم میٹنگ کی۔میٹنگ میں موبائل فون ڈیوائس پالیسی، ٹیرف ڈیوٹی کے چیلنجز، موبائل فون کی برآمدات، استعمال شدہ گاڑیوں اور موبائل فونز کے بازار سمیت صنعت میں تکنیکی جدت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں 38 موبائل فون کمپنیاں چالیس ہزار ملازمتیں فراہم کر چکی ہیں، جو موبائل فون صنعت کی عالمی برآمدات کی زبردست صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے تحت حکومت کی اولین ترجیح صنعتی شعبے کو فروغ دینا ہے، مقامی صنعت کو مراعات دینا اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیحات میں شامل ہیں۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ اگر صنعت ٹیکنالوجی اپگریڈیشن کو اپنائے تو پاکستان خطے میں مقابلہ کر سکتا ہے۔ سرمایہ کاری لانا اور برآمدات کو بڑھانا ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل ہوگا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور وزارت صنعت و پیداوار صنعتی شعبے کے حق میں ٹیرف پالیسی بورڈ میں بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔