اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بیرونی دبائو کے خلاف اپنی سالمیت اور قومی مفادات کا تحفظ کرے گا،پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے ہم بیرونی اثرات یا سیاسی بیانیے سے قطع نظر اپنے مفادات اور خودمختاری کا تحفظ کرتے رہیں گے۔
ایک انٹرویو میں زیر دفاع نے کہا کہ بیرونی دباؤ کے باوجود پاکستان نے کامیابی سے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جوہری صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پابندیوں اور چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان نے کامیابی سے اپنے قومی مفادات کا دفاع کیا،عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف جاری ٹرائلز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غیرملکی اثرورسوخ قانونی عمل کو متاثر نہیں کر سکتا، ان کے کیس کا فیصلہ ملکی قوانین کے مطابق ہی ہو گا، اگر وہ مجرم ہیں تو انہیں سزا دی جائے گی، اگر نہیں تو وہ بری ہو جائیں گے۔