اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کے معاہدے پر بڑی پیش رفت رواں ہفتے متوقع ہے‘ وفاقی کابینہ کی طرف سے برطانیہ سے معاہدے کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے‘ وزارت داخلہ نے ملزمان کی حوالگی کے معاہدے کی سمری تیار کرکے کابینہ ڈویژن کو ارسال کردی ہے‘ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے سے الطاف حسین ‘ اسحاق ڈار‘ افتخار حسین‘ محمد انور سمیت دیگر مطلوب ملزمان کو وطن واپس لایا جاسکے گا۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق آٹھ سال قبل برطانیہ سے ملزمان کی حوالگی کے معاہدے پر مذاکرات شروع ہوئے تھے جس میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوتی رہی۔ برطانوی وزارت داخلہ کا وفد اس سلسلے میں متعدد بار پاکستان آیا جبکہ پاکستان کی طرف سے اس معاملہ کو اب وزیراعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ کرنےکی باضابطہ منظوری وفاقی کابینہ دے گی اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے اور معاہدے کا ڈرافٹ تیار کرکے سمری کابینہ ڈویژن کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں یہ سمری منظوری کے لئے رکھی جائے گی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ نہ ہونے کے باعث سب سے زیادہ مشکلات پاکستان کو درپیش ہیں۔ درجنوں کرپشن کیسز اور سنگین جرائم کے کیسوں میں مطلوب ملزمان برطانیہ میں بیٹھے ہیں جنہیں وطن واپس لانے کے لئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کئے جاچکے ہیں لیکن معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کو پاکستان نہیں لایا جاسکتا جبکہ انٹرپول بھی اس سلسلے میں کوئی تعاون نہیں کررہا۔