فرخ حبیب

پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہر فورم پر نہتے کشمیری عوام کی پرامن حمایت جاری رکھیں گے ، فرخ حبیب

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہر فورم پر نہتے کشمیری عوام کی پرامن حمایت جاری رکھیں گے ۔ اپنے بیان میں وزیر مملکت نے کہاکہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے عوام 74 سال سے بھارتی سرکار اور غاصب افواج کی طرف سے روا رکھی گئی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مسلسل سامنا کرتے آرہے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہاکہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان ہر فورم پر نہتے کشمیری عوام کی پرامن حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ 27 اکتوبر وہ سیاہ دن ہے جب 1947 میں بھارتی قابض افواج کشمیر کے اندر داخل کر دی گئیں، ہم ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بھارت اور مودی سرکار پر ہندوتوا اور ارایس ایس کی سوچ غالب آئی ہوئی ہے، نہتے معصوم کشمیری عوام پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، خاص طور پر بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ،اس بھارتی سرکار نے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے کشمیر کی مسلمہ متنازعہ حیثیت کو ختم کر دیا، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سچے وکیل اور دلیر سفیر ہونے کا ثبوت دیا ،وزیر مملکت نے کہاکہ عمران خان نے کشمیریوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، دنیا کے ہر فورم نے اس پر بات کی۔

انہوںنے کہاکہ پہلی مرتبہ مغربی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، ہمارا یہ دوٹوک ،واضح اور بھرپور مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے، کشمیریوں کو ان کا بنیادی خودارادیت کا حق دیا جائے، پاکستان کشمیری عوام کی پرامن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔