مراد علی شاہ

پانی زندگی ہے اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیراعلی سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے “انسداد صحرائیت اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن” کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پانی زندگی ہے اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آج کا دن بنجر ہوتی زمینوں، بڑھتے قحط اور ماحولیات پر اثرانداز ہونے والے عوامل کے خلاف شعور بیدار کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شجرکاری، بارانی پانی کے ذخیرے اور جدید واٹر مینجمنٹ کے منصوبوں پر عمل کر رہی ہے تاکہ زمین کو بنجر ہونے سے بچایا جا سکے۔مراد علی شاہ نے خبردار کیا کہ اگر دریائے سندھ کا پانی سمندر تک نہ پہنچا تو ہماری ساحلی پٹی صفحہ ہستی سے مٹ سکتی ہے۔

انڈس ڈیلٹا کو زندہ رکھنے کے لیے دریائے سندھ کا قدرتی بہا برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی انصاف کے تناظر میں لوئر ریپیرین رائٹس (Lower Riparian Rights) کو تسلیم کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انڈس ڈیلٹا تک پانی کی رسائی ماحولیاتی انصاف کا تقاضا ہے تاکہ زمین، ماحول اور زندگی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔