خاتون یوٹیوبر

ٹک ٹاکر سے دست درازی کے مقدمے میں گرفتار 40 ملزمان شناخت پریڈ کیلئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ بیگ سے دست درازی اور جنسی ہراسگی کے مقدمے میں گرفتار 40 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔

لاہور کی ضلع کچہری میں تھانہ لاری اڈا پولیس نے ٹک ٹاکر عائشہ سے دست درازی کرنیوالے 40 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان مینار پاکستان پر خاتون سے جنسی ہراسگی اور دست درازی کے واقعہ میں ملوث ہیں ،ملزمان نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وہ بے قصور ہیں پولیس نے بلا جواز گرفتار کیا ہے ،وہ گریٹر اقبال پارک میں تفریح کی غرض سے گئے تھے ،پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں نظر آنے پر انہیں گرفتار کیا ہے۔

ملزمان نے عدالت میں کہا کہ جس خاتون کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ہے،اسے بھی گرفتار کیا جائے تاکہ حقائق سامنے آئیں۔ملزمان کو سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت میں پیش کیا گیا ۔پولیس کی جانب سے ملزمان کی شناخت چھپانے کیلئے انہیں چہرہ ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے گرفتار 40 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔