ثناء یوسف

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس، ملزم کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں عدالت نے ملزم کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے گرفتار ملزم عمر حیات کو علاقہ مجسٹریٹ محمد حفیظ کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے شناخت پریڈ کیلئے ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

پولیس کی جانب سے شناخت پریڈ کا عمل مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزم کی شناخت ہوگئی ہے۔

دوران سماعت پولیس کی جانب سے ملزم کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، پراسیکیوشن نے مؤقف اپنایا کہ ملزم کو 2 لوگوں نے شناخت کیا ملزم کی والدہ اور پھوپھو نے، ملزم سے زیر استعمال موبائل فون اور گاڑی کی برآمدگی کیلئے ریمانڈ چاہیے۔

ملزم نے کہا کہ میں نے موبائل پولیس کو دے دیا ہے، میری درخواست ہے میرا میڈیکل کرایا جائے، جس پر عدالت نے ملزم کے میڈیکل کی ہدایت کر دی، ملزم نے مزید کہا کہ میرا فیملی سے رابطہ نہیں، ان کو پتا ہے کہ وکیل کرنا ہے یا نہیں۔بعدازاں عدالت نے ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔