وزیراعظم

وفاقی حکومت کا وزارت توانائی اور آبی وسائل کو ضم کرنے پر غور

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی حکومت نے دو بڑی وزارتوں توانائی اور آبی وسائل کو ضم کرنے پر غور شروع کر دیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے وزارت توانائی اور وزارت آبی وسائل کو اکٹھا کرنے پر مشاورت جاری ہے، دونوں وزارتیں ماضی میں ایک ہی جگہ کام کرتی تھیں اور ان کا وزیر اور سیکرٹری بھی ایک ہی ہوا کرتا تھا ۔ ایک وزارت ہونے سے ایک طرف اربوں روپے اخراجات سالانہ کی بچت ہو سکے گی۔

ذرائع وزارت آبی وسائل کا کہنا ہے کہ فیصلے سے اضافی اسٹاف گاڑیوں ملازمین کو بھی کم کیا جا سکے گا، سمری تیاری کے مراحل میں ہے اور جلد حتمی شکل دے دی جائے گی ۔ ایک وزارت ہونے سے پانی بجلی کے منصوبوں کی رفتار بھی تیز ہو سکے گی۔ وفاقی کابینہ متعدد دیگر وزارتوں کو بھی ضم کرنے پر غور کر رہی ہے، حکومت غیر ضروری اخراجات کو اسی مالی سال میں کم کرے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس فیصلے سے انرجی واپڈا این ٹی ڈی سی سمیت تمام ذیلی ادارے اکٹھے ہو سکیں گے۔