اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن) وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2020ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث امتحانات کا انعقاد نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے تعلیمی بورڈ نے وفاقی وزارت تعلیم کی مشاورت سے مرتب شدہ پالیسی
کے تحت طلباء کے نتائج کا اعلان کیا۔ جمعرات کو اعلان کئے جانے والے نتائج کے مطابق امتحانات میں کامیابی کا تناسب 93.22 فیصد رہا۔
امتحانات میں کل 71483 طلباء نے شرکت کے لئے داخلہ بھجوایا جس میں سے 66635 کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔
امتحانات کے لئے 59512 ریگولر امیدوارو نے داخلہ بھجوایا جس میں سے 57115 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔
کامیابی کا تناسب 95.97 فیصد رہا جبکہ داخلہ بھجوانے والے 11970 امیدواروں میں سے 9520 کامیاب قرار دیئے گئے۔
کامیابی کا تناسب 79.53 فیصد رہا۔ نتائج میں پہلی پوزیشن سائرہ اظہر نے 1088 نمبر کے ساتھ لی جبکہ انیسہ راشد 1085 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ
ماہ نور فاطمہ 1081 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔ تینوں طالبات کا تعلق پری میڈیکل گروپ سے ہے۔ پری انجینئرنگ گروپ کی دونوں پہلی پوزیشنیں
آرمی پبلک سکول کے نام رہیں۔ مناہل ندیم نے 1075 نمبرز کے ساتھ پہلی جبکہ عائزہ عامر نے 1073 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پنجاب کالج کے محمد احمد محسن نے 1071 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ اکرم مہمان خصوصی تھیں۔
انہوں نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دی۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق فیل اور اپنے نمبر بہتر بنانے کے خواہشمند
امیدوار سپلیمنٹری امتحانات کے لئے داخلہ 10 اگست تک بھجوا سکتے ہیں۔ امتحانات ستمبر میں ہوں گے۔