جنرل ہسپتال

وزیر اعلیٰ کی عوام دوست پالیسی: جنرل ہسپتال میں کھلی کچہری ، پرنسپل نے شکایات سنیں

لاہور(زاہد انجم سے)وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسی کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں اور ملازمین کے مسائل کے تدارک کے لئے کھلی کچہری کا باقاعدہ انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے بذات خود شکایات سنیں اور موقع پر احکامات جاری کیے ۔ تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری کے پہلے روز پرنسپل کو7شکایات موصول ہوئیں جن میں سے2کو موقع پر حل کر دیا گیا جبکہ 5شکایات کی مکمل جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت دی ۔

کھلی کچہری میں پہلی شکایت ہسپتال ملازم غلام رشید نے کو ارٹر الاٹمنٹ ہونے کے باوجود قبضہ نہ ملنے کے خلاف درج کروائی جس پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے دو دن میں ہاؤسنگ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کھلی کچہری میں ہسپتال میں دی جانے والی علاج معالجے کی سہولیات کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔ اس موقع پر کھلی کچہری کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر یحیٰ سلطان بھی موجود تھے ۔

سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے دفتری امور میں تاخیر پر ملازمین کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز “اوپن ڈور پالیسی” پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور کسی بھی شکایت کا بر وقت ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا اور درج کروائی گی شکایات کا مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا تاکہ جانچ پڑتال کی جا سکے۔ پروفیسر الفرید ظفر کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد سے مسائل سے بر وقت آگاہی اور اُن کا فوری حل ممکن ہو سکے گا جس سے ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔