مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب کا صنعتی اور مائنز ورکرز کے بچوں کیلئے اعلی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کا اعلان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صنعتی اور مائنز ورکرز کے بچوں کے لئے اعلی ترین تعلیمی ادارے میں مفت تعلیم کا اعلان کیا ہے، کارکنوں کے بچوں کو نجی یونیورسٹی کے 7 کیمپسز میں داخلہ دیا جائے گا، فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کارکنوں سے درخواستیں طلب کر لیں۔

پنجاب میں ورکرز کے بچے نجی یونیورسٹی اسلام آباد، سب کیمپسز ایبٹ آباد، واہ کینٹ، اٹک، لاہور، ساہیوال اور وہاڑی میں پڑھ سکیں گے، معذور اور فوت شدہ ورکرز کے بچوں کو بھی کامسیٹ یونیورسٹی میں مفت تعلیم کی سہولت دی جائے گی۔رجسٹرڈ ورکرز اسلام آباد کیمپس میں 9 جولائی، لاہور کیمپس 17 جولائی، واہ کینٹ اور ایبٹ آباد میں 4 اگست، وہاڑی اور اٹک میں 11 اگست اور ساہیوال میں 15 اگست تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔درخواست فارم کے ساتھ ورکر کا قومی شناختی کارڈ، رجسٹرڈ سرٹیفکیٹ، طالب علم کا قومی شناختی کارڈ یا ب فارم، سوشل سکیورٹی کارڈ یا اولڈ ایج بینیفٹ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی، ورکرز کے بچے نجی یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کر کے ڈاکیومنٹس ایڈمیشن فارم میں جمع کرائیں گے۔

وزیراعلی مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ورکر ہمارے سر کا تاج ہے، تعلیم اور صحت سمیت ہر سہولت دیں گے، پنجاب کے ہر ورکر کے بچوں کیلئے اعلی تعلیمی اداروں کے دروازے کھول رہے ہیں، پنجاب میں کوئی بچہ چاہے وہ مزدور کا بچہ ہے اب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے ایسے تاریخی اقدامات کررہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
٭٭٭٭٭