وزیراعلی کی ہدایت پر مفت علاج ،کھانے کی فراہمی سےمریض و تیماردار کو ریلیف ملا !پرنسپل جنرل ہسپتال

لاہور(زاہد انجم سے) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر مریضوں کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں ، عید کے پر مسرت دن پربھی ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز، نرسز و پیرا میڈیکس سٹاف کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں –

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں انتظامی ڈاکٹرز ،ہیلتھ پروفیشنلز اور مریضوں کے ساتھ عید الضحی کی خوشیاں بانٹنے ہوئے کیا -اس موقع ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین و دیگر بھی موجود تھے-پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے کہا کہ ایل جی ایچ میں ملک بھر سے مریض علاج معالجے کے لیے آتے ہیں، وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر مریضوں کو علاج کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں-

انہوں نے مزید کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے مریضوں و ان کے عزیز واقارب کو تین وقت کا معیاری کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے دوسرے اضلاع سے آنے والوں کی مشکلات بھی کم ہوئی ہیں- قبل ازیں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور عید کی تعطیلات میں مریضوں کے علاج معالجے کے لیے مثالی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو شاباش دی-

انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے انسانی ہمدردی سے ہی پروان چڑھتے ہیں، جن افراد کا نصب العین دکھی انسانیت کی بھلائی اور رب کریم کی رضا کا حصول ہو وہ عزت اور تکریم کے حقدار ٹھہرتے ہیں- پروفیسر فاروق افضل نے مریضوں کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی جلد صحت یابی کیلے دعا بھی کی- 
۔