لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر قوم اور پاک فضائیہ کو مبارکباد دی ہے ۔
ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور میزائل سسٹم پر کام کرنے والے سائنسدانوں اور انجینیرز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کی پیشہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ تیمور ویپن سسٹم کی بدولت ملک کا دفاع مزید مستحکم ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔









