سعد حسین رضوی

وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزارت داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا ہے جبکہ کالعدم تنظیم کے دیگر اہم رہنماﺅں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لئے پنجاب حکومت سے تفصیلات مانگ لی ہیں۔

اتوار کو ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیم کے تمام اہم اور سرگرم رہنماﺅں کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے پنجاب حکومت کو خط لکھا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ تنظیم کے تمام سرگرم رہنماﺅں کی فہرستیں فوری طور پر ارسال کی جائیں تاکہ ان کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جاسکیں