اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کا بیان عدلیہ پر حملہ ہے، ن لیگ نے رانا ثنا اللہ کے بیان کی تردید تک نہیں کی، بڑھکیں کہیں اور جاکر ماریں لیکن عدالت میں جواب دیں، ہم ن لیگ کو ججز اور عدالتوں کا گھیراونہیں کرنے دیں گے، شہباز شریف اور مریم صفدر رانا ثنا اللہ کے بیان کی تردید کریں اور معافی مانگیں۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے سابق رہنما اکبر ایس بابر کو فارن فنڈنگ کیس سے الگ کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن خود کیس سنے، قانون کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کے اکاونٹ چیک ہونے چاہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ 64 کروڑ کا حساب ن لیگ کے پاس نہیں ہے، ن لیگ کے 9 اکانٹس خفیہ تھے جو چھپائے گئے، پیپلز پارٹی نے 35 کروڑ کا ریکارڈ نہیں دیا۔ اسکروٹنی کمیٹی کے ممبر کی ریٹائرمنٹ کے بعد سکروٹنی کمیٹی غیر فعال ہوچکی ہے ۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے سکروٹنی کمیٹی کو دوبارہ فعال کیا جائے ۔ اسکروٹنی کمیٹی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی رپورٹ بھی جلد مرتب کرے۔