لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب نہ کسی کا حق چھینتا ہے نہ کسی کو اپنا حق کھانے دیتا ہے،ہمیشہ نہروں پر سیاست کرنا سندھ کا کام رہا ہے لیکن یہاں یہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور احمد کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سندھ والے کہتے ہمارا پانی ہے آپ کہتے یہ پنجاب کا پانی ہے،پیپلزپارٹی پہلے آپس میں طے کرلے یہ کس کا پانی ہے،آپ پنجاب میں رہ کر پنجاب کی لڑائی نہیں لڑ سکتے؟،ہمیشہ نہروں پر سیاست کرنا سندھ کا کام رہا ہے لیکن یہاں یہ نہیں ہوتا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسانوں کے ساتھ کھڑے ہونے سے پہلے چیک کرلیں کسان آپکے ساتھ کھڑے ہیں یا نہیں،پنجاب نہ کسی کا حق چھینتا ہے نہ کسی کو اپنا حق کھانے دیتا ہے،پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سے سوال کرنے کی بجائے صدر پاکستان سے پوچھ لیں تو بہتر ہوگا،پیپلزپارٹی گھر کی لڑائی میڈیا پر لڑنے کی کوشش نہ کرے۔