نورمقدم قتل کیس

نورمقدم قتل کیس، مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے والدین کااپنی ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) نورمقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے والدین نے ضمانت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نورمقدم قتل کیس میں گرفتار ذاکر جعفر اورعصمت ذاکر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔یہ اپیل ایڈووکیٹ خواجہ حارث کی جانب سے دائر کی گئی۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہائیکورٹ نے ضمانت کے اصولوں کو مد نظر نہیں رکھا اور حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت ذاکر کی ضمانت کی درخواست خارج کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں ظاہر جعفر کے والدین اعانت جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔ والدین جانتے تھے کہ ملزم ظاہر جعفر نے لڑکی کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ اپنے فیصلے میں عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہیں۔

نورمقدم کیس کا ٹرائل 8 ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے، جب کہ پولیس اپنے شواہد جلد عدالت میں پیش کرے۔ بعد ازاں جاری تفصیلی فیصلے میں عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ مرکزی ملزم کے والدین کے پاس معلومات ہونے کے باوجود انہوں نے پولیس کو اطلاع نہیں دی۔ چوکیدار واضح کہہ چکا ہے کہ اس نے ذاکر جعفر کو اطلاع دی تھی۔ تفصیلی فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ اعانت قتل بھی قتل کرنے جیسا ہی سنگین جرم ہے۔

فیصلےمیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جرم میں اعانت کیلئے ڈائریکٹ معاونت کے شواہد ہونا بطور اصول ہر جگہ لاگو نہیں ہو سکتا۔ اعانت جرم اِن ڈائریکٹ بھی ہو سکتی ہے جس کیلئے واقعاتی شواہد کافی ہیں۔ بلیک لا ڈکشنری کے مطابق اپنا فرض ادا نہ کرنے بھی اعانت جرم ہے۔ ظاہر جعفر نے بیان میں کہا اس نے والد کو قتل سے پہلے آگاہ کیا تھا۔ تفصیلی فیصلے میں عدالت نے مزید لکھا ہے کہ ظاہر جعفر کا بیان قابل قبول ہے یا نہیں فیصلہ ٹرائل کورٹ نے کرنا ہے۔

چوکیدار کی اطلاع کے بعد زاکر جعفر نے تھیراپی ورکس کے مالک کو آگاہ کیا۔ تھیراپی ورکس کو اطلاع ملنے کے بعد بھی پولیس کو اطلاع دینے کی کوشش نہیں کی گئی۔ قابل ضمانت دفعات پر بھی بعض معاملات کے ہوتے ضمانت مسترد ہوسکتی ہے۔ ملزمان کے شواہد یا گواہان پر اثرانداز ہونے کا امکان ہو تو ضمانت مسترد ہو سکتی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ظاہر جعفر کے والدین نے شواہد چھپانے اور کرائم سین صاف کرنے کی کوشش کی۔