نیب

نثار افضل، اس کے اہلخانہ اور بےنامی داروں کی 9ہزار کنال اراضی منجمد کر دی گئی، نیب اعلامیہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)برطانیہ میں فراڈ کرنے والے شخص کی پاکستان میں اربوں روپے کی جائیداد منجمد کر دی گئی،قومی احتساب بیورو (نیب)کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق برطانیہ میں 6کروڑ پاﺅنڈ مارٹ گیج فراڈ کیس میں ملوث پاکستان آنے والے شخص کی اربوں روپے کی جائیداد منجمد کی گئی ہے اور ملزم کے خلاف مزید کارروائیاں بھی جاری ہیں،نیب کے مطابق برطانیہ جج احتساب عدالت اسلام آباد محمد بشیر نے ملزمان کی اراضی منجمد کرنے کا حکم دیا اور نیب نے نثار افضل، اس کے اہلخانہ اور بےنامی داروں کی 9 ہزار کنال اراضی منجمد کر دی،

نیب پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر عزیر ریحان احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے اور انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی راولپنڈی، گوجر خان اور ٹیکسلا میں 9ہزار کنال اراضی منجمد کر دی ہے،نیب کے مطابق ملزم نثار افضل اربوں روپے کے اثاثے بنانے کا کوئی ثبوت فراہم نہ کرسکا اور ملزم کے خلاف انسداد بدعنوانی آرڈیننس اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی۔

نیب پہلے ہی نثار افضل اور صغیر افضل کی 50ارب کی جائیداد منجمد کر چکا ہے،ملزمان کے اسلام آباد کے پوش علاقے ایف سیکٹر میں 11بنگلے منجمد کیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 650کنال اراضی بھی منجمد کی گئی ،ملزمان کی اٹک، فتح جنگ، رنگ روڈ کے اطراف 10ہزار کنال اراضی بھی منجمد کر دی گئی ہے۔