اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) الیکشن کمیشن نے نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران فیصل واوڈا کی جانب سے وکیل پیش نہ ہونے پر وفاقی وزیر پر 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت کی، وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہ ہوئے جس پر الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کرتے ہوئے وفاقی وزیر پر 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ دوران سماعت درخواستگزار نے فیصل واوڈا کو بطور وفاقی وزیر کام سے روکنے کی درخواست کرتے ہوئے دلائل کے لیے مہلت مانگ لی۔
جس پر پنجاب سے الیکشن کمیشن کے ممبر نے استفسار کیا کہ آپ کو آج دلائل کا آخری موقع دیا گیا تھا اور آپ اسٹے کی درخواست دے رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آپ اگر میری درخواست مسترد کرتے ہیں تو دلائل دے دوں گا۔
چیف الیکشن کمشنر درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق ان کے وکیل کی موجودگی میں دلائل دیں، الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔