کورونا ویکسی نیشن

میو ہسپتال اور پنز کے ڈاکٹرزکی جنرل ہسپتال کے کاؤنٹر سے کورونا ویکسی نیشن

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور جنرل ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن کے لئے قائم کردہ کاؤنٹر پر میو ہسپتال کے ڈاکٹر قیصر ایازاور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پنز) کے ڈاکٹر حفیظ عرفان کو سٹاف نرس عائشہ صدیقہ نے سینئر ڈاکٹرز کی موجودگی میں ویکسین لگائی اور اس کاؤنٹر پر کام کا آغاز کر دیا گیاجہاں پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز،نرسز اور طبی عملے کو ویکسین لگائی جائے گی۔

اس کاؤنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی مخلص دوست ہے جس نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ہمارا کا ساتھ دے کر دوستی کے رشتے کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط کیا ہے اور کورونا ویکسین کی فراہمی اس ضمن میں ایک اور اہم سنگ میل ہے جس سے میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد کو تحفظ حاصل ہوگا اور ان کو اپنے شعبے میں خدمات سر انجام دینے کیلئے بہتر ماحول فراہم ہوگا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ چین نے پاکستان کو میڈیکل سٹاف کے لئے 5لاکھ کورونا ویکیسن کا عطیہ کر کے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستانی عوام کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے دوران ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج پر مامورڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے انتہائی پیشہ وارانہ لگن اور جانفشانی کے ساتھ خدمات سر انجام دی ہیں اوراپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر اس وبا کے دوران بہت سے سینئر ڈاکٹرز اور معالجین نے دن رات مریضوں کی خدمت کی اور اپنی جانیں بھی قربان کیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ کورونا مریضوں کا سب سے پہلے ڈاکٹرز،نرسز اور طبی عملہ سامنا کرتے ہیں لہذا انہیں تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ یہ وبائی امراض کے دوران مریضوں کا پوری تندہی کے ساتھ علاج کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر میڈیکل سٹاف سب سے پہلے ویکیسن کے حقدار ہیں۔

پروفیسر الفرید ظفرنے مزید کہا کہ ہم سب وزیر اعظم پاکستان عمران خان،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے عظیم ہمسائیہ ملک چین سے فوری طور پر ویکیسن کی فراہمی کے لئے بر وقت اقدامات کیے اور جن کی وجہ سے طبی عملے کو تحفظ حاصل ہونے جا رہا ہے۔

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، پروفیسر خالد وحید، پروفیسر جودت سلیم، ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر جعفر شاہ، ڈاکٹرز، نرسز و دیگر بھی موجود تھے۔