کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ممتازمذہبی اسکالرمولاناڈاکٹرعادل خان کے قتل سے قبل دہشت گردوں نے ریکی بھی کی۔مولانا عادل اور ڈرائیور پر قاتلانہ حملے سے جڑی ایک اور فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلمٹ لگائے ایک ملزم گاڑی کا تعاقب کر رہا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق یہ وہی ملزم ہے جو دہشت گردوں کو حملے کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر بیٹھا کر روانہ ہوتا ہے۔ تفتیشی حکام نے بتایاکہ عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے تیار کیے جا رہے ہیں۔تحقیقاتی اداروں نے جائے واردات کا دورہ کیا۔
دہشت گردوں کا روٹ میپ تیارکرلیا گیا۔ تاہم واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا۔ پولیس کے مطابق مولانا عادل کی گاڑی گنجان آباد علاقے شاہ فیصل کالونی میں مٹھائی کی دکان کے سامنے سڑک کی دوسری طرف رکی۔اس سے قبل سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پر ٹریفک رواں دواں ہے مگر اچانک پیچھے سے 2 ملزمان آتے ہیں اور ان میں سے 1 ملزم گاڑی پر گولیاں برساتا ہے اور دوسرا ٹریفک کنٹرول کرتا رہا، تاکہ فرار ہونے کی صورت میں مسئلہ نہ ہو۔
فائرنگ کے بعد دونوں ملزمان تیسرے ساتھی کے پاس جاتے ہیں، جو موٹر سائیکل کے ہمراہ موجود ہے۔ تینوں ملزمان اسی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر گاڑی کی مخالف سمت سے فرار ہوجاتے ہیں۔