سراج الحق

ملک میں مہنگائی اور کرپشن کی صورت میں آگ لگی ہوئی ہے،سراج الحق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور کرپشن کی صورت میں آگ لگی ہوئی ہے، تمام حکومتوں نے پرانا نظام انصاف برقرار رکھا، سامراجی نظام میں کوئی بھی انصاف نہیں دے سکتا، اقتدارملا توعدالتی نظام بدلیں گے، ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

سراج الحق نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عدالت میں پیش ہونے کے بجائے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہیں، ہمیں اب خاموش تماشائی کا کردار ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ججزخود کہتے ہیں عدالتوں میں انصاف نہیں، ججز ریٹائرڈ ہونے کے بعد سچ کہتے ہیں انصاف بکتا ہے، امیروں اورغریبوں کیلئےالگ الگ قانون ہے ، 74سال بعد بھی حقیقی اسلامی پاکستان دیکھنا نصیب نہیں ہوا، ملک میں لگی آگ کو بجھانے کی ضرورت ہے، رونے سے مسئلے حل نہیں ہوتے، تماشائی بننے کے بجائے باہر نکلنا ہوگا۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان ہم سب کا گھر ہے، پاکستان میں خوشحالی کا مطلب ہمارے گھر میں خوشحالی ہے، ملک میں مہنگائی اور کرپشن کی صورت میں آگ لگی ہوئی ہے۔