سیف الملوک کھوکھر 13

معاشرے کو آسرا خلق ویلفیئر فائونڈیشن جیسے بہت سارے اداروں کی ضرورت ہے’ سیف کھوکھر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت سی فلاحی تنظیمیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بے پناہ خدمات سر انجام دے رہی ہیں ،آسرا خلق ویلفیئر فائونڈیشن کم وسائل میں زیادہ کام کر رہی ہے ، یہ انتہائی قابل ستائش ہے کہ ڈونرز کا دیا گیا ایک ،ایک پیسہ ایمانداری سے خرچ کیا جاتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آسرا خلق ویلفیئر ایسوسی ایشن کے پہلا کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز کھوکھر ،آسرا خلق ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر آمنہ رضوی، ڈائریکٹر غلام حیدر، چیئرمین بالی ویلفیئر ٹرسٹ لیلیٰ نصرت ، چیئر پرسن جہاں آراء میموریل ٹرسٹ زرین عارف اعجاز اور دیگر بھی موجود تھے ۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ یہ تنظیم کئی طرح کے منصوبے نہایت کامیابی سے چلا رہی ہے، اس ادارے کو ہر طرح سے تعاون فراہم کریں گے تاکہ لوگوں کی خدمت کا دائرہ مزید وسیع ہو سکے ۔ ہمارے معاشرے کو آسرا خلق ویلفیئر فائونڈیشن جیسے بہت سارے اداروں کی ضرورت ہے۔

رکن اسمبلی ملک شہباز کھوکھر نے کہا کہ آمنہ رضوی کا لگایا ہوا پودا آج تناور درخت بن چکا ہے، اسے آپ لوگوں کے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ آسرا خلق ویلفیئر فائونڈیشن صحرائی علاقوں میں پینے کا صاف پانی مفت مہیا کررہی ہے،غریبوں کو مفت ووکیشنل ٹریننگ کورسز کروا رہی ہے۔ ہرسال قربانی کا گوشت غریبوں تک پہنچانے کا انتظام کرتی ہے،حقداروں کیلئے مفت کھانے کا انتظام کرتی ہے،مستحق بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرتی ہے، یہ ایسی مثبت سر گرمیاں ہیں جس سے معاشرے میں پسے ہوئے طبقات مستفید ہوتے ہیں۔ کانووکیشن میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں