فضیلہ قیصر

معاشرے میں عدم برداشت اور اسی طرز کے دیگر منفی رجحانات فروغ پارہے ہیں ‘ فضیلہ قیصر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سینئر اداکار ہ فضیلہ قیصر نے کہا ہے کہ بچوں کی تربیت میں والدین کا کلیدی کردارہوتا ہے ،معاشرے میں عدم برداشت اور اسی طرز کے دیگر منفی رجحانات تیزی سے فروغ پارہے ہیں لیکن بد قسمتی سے ان کی روک تھام یا اصلاح کیلئے عملی طو رپر کاوشیں ہوتی ہوئی دکھائی نہیں دیتیں۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بڑی بڑی فیسیں تو مانگتے ہیں لیکن یہاں کردار سازی پر توجہ نہیں دی جاتی جبکہ والدین بھی اپنی مصروفیات کے باعث بچوں کو اس طرح وقت نہیں دیتے جس کی انہیں ضرورت ہے جس کے منفی نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں جس طرح تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اس میں مثبت رجحانات کو فروغ دینے کے لئے کوششیں ہونی چاہئیں جس کیلئے والدین اور تعلیمی ادارے اپنا کردار اد اکریں ۔

فضیلہ قیصر نے کہا کہ آج میڈیا کا دور ہے اس پلیٹ فارم کو نوجوان نسل کی بہترین تربیت کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔