فرخ حبیب

مریم نواز64کروڑ ، بلاول بھٹو 35کروڑ روپے کا حساب کیوں نہیں دے پا رہے ،فرخ حبیب

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا،مریم نواز64کروڑ روپے کا حساب کیوں نہیں دے پارہی، بلاول بھٹو بھی 35کروڑ روپے کا حساب کیوں نہیں دے پارہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ احتساب سے، قانون سے اور الیکشن کمیشن سے بھاگیں ، انہوں نے پاکستان کے قانون کو مذاق سمجھا ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ فیصلہ نہ صرف تحریک انصاف کے حوالے سے ہو بلکہ ن لیگ کا اور پیپلزپارٹی کا بھی ہو۔

بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے حوالے سے اسکروٹنی کمیٹی پر کام مکمل ہو چکا ہے، جیسے ہی اسکروٹنی کمیٹی فعال ہو جائے گی تو اس کی رپورٹ الیکشن کمیشن کے پاس آجائے گی، متعدد اکاﺅنٹس سامنے آئے جس میں 64کروڑ روپے کی رقوم ایسی ہیں جس کا حساب ن لیگ نہیں دے سکیں جبکہ 35کروڑ روپے کی رقوم ایسی ہیں جس کا حساب پیپلزپارٹی نہیں دے سکی۔انہوں نے کہا کہ 9جعلی اکاﺅنٹس جو انہوں نے گوشواروں میں الیکشن کمیشن سے چھپائے رکھے اس کا ریکارڈ موجود نہیں ہے یہاں تک کہ پیپلزپارٹی کے 12اکاﺅنٹس کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں موجود نہیں، پاکستان تحریک انصاف نے اپنا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا، ہم چاہتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کے کیسز کا فیصلہ ہو تاکہ پتہ چل سکے کہ کس جماعت نے اپنے اکاﺅنٹس میں شفافیت رکھی ہوئی ہے اور کس نے اکاﺅنٹ میں پیسہ باہر سے آیا۔

وزیرمملکت نے کہا کہ تحریک انصاف کے اکاﺅنٹس پر بہت تبصرہ کیا جاتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے اکاﺅنٹس پر بھی تبصرہ کیا جانا چاہیے، مریم نواز اپنے اکاﺅنٹس کے حوالے سے بھی بتائیں جو انہوں نے چھپا رکھے ہیں کہ وہ 64کروڑ روپے کا حساب کیوں نہیں دے پارہی، بلاول بھٹو بھی 35کروڑ روپے کا حساب کیوں نہیں دے پارہے، تمام حقائق کے جواب جو آج تک انہوں نے فراہم نہیں کیے اور اب یہ راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ احتساب سے، قانون سے اور الیکشن کمیشن سے بھاگیں اور قانون کی بالادستی میں رکاوٹیں کھڑی کریں۔

فرخ حبیب کا کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان کی 22سالہ جدوجہد قانون کی حاکمیت ہے، ایک جانب یہ چور کہتے ہیں، سڑکوں پر گھسیٹنے کی بات کرتے ہیں جبکہ ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑکر دولت لینے کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب پتہ چلتا ہے کہ چوری شہباز شریف اور آصف زرداری نے کی اس کے بعد یہ مل کر ناشتوں میں اکھٹے ہو جاتے ہیں، انہوں نے پاکستان کے قانون کو مذاق سمجھا ہوا ہے اب ہم انہیں مذاق بنانے نہیں دیں گے، ایک طرف یہ بلیک میلنگ کی پولیٹکس کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان پاکستان کی تاریخ کا ہیلتھ ریفارم لے کر آئے ہیں، آج فیصل آباد کے 32لاکھ خاندانوں پر مشتمل ڈویژن میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا کرنے جارہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں بہت بڑی ہیلتھ ریفارم ہونے جارہی ہے۔

صحافیوں کے سوالوں پر جواب دیتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ہم نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جلد از جلد فیصلہ ہو، اب یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ فیصلہ نہ صرف تحریک انصاف کے حوالے سے ہو بلکہ ن لیگ کا اور پیپلزپارٹی کا بھی ہو