مریم نواز

مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت 21 دسمبر تک ملتوی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)لیگی رہنما مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ اصل مجرم حکومت ہے، نیب حکومت کا آلہ کار ہے۔ مقدمات حکومت نے بنائے، نیب جواب کہاں سے دے؟ ۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے لیگی رہنما مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

عدالت نے مریم نواز کے وکیل عرفان قادر کی التوا کی درخواست منظور کرلی۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ سماعت 15 دسمبر کو رکھ لیتے ہیں جس پر وکیل اعظم تارڑ نے موقف اپنایا کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی شادی 17 دسمبر کو ہے۔ جس پر عدالت نے سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔سماعت سے قبل کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اصل مجرم تو حکومت ہے، نیب تو آلہ کار ہے۔ نیب سے جب ثبوت مانگے جاتے ہیں تو اسکو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کیسز حکومت میں بیٹھے لوگوں کی طرف سے بنائے گئے ہیں، نیب جواب کہاں سے دے؟ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس مقدمے میں التوا نیب کی جانب سے مانگا جا رہا ہے، تاہم آج وکیل عرفان قادر کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث وہ پیش نہیں ہوئے۔