لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر پلاسٹک پر پابندی پر عملدرآمد کے لئے سخت کریک ڈائون جاری ہے ،
محکمہ تحفظ ماحول نے 5جون 2024سے 2جنوری تک 40ٹن غیرقانونی پلاسٹک ضبط کیا،پلاسٹک سے لاہوراورفیصل آباد کے ان پرائمری سکولوں جہاں پر کرسیوں کی کمی تھی وہاں پر کرسیاں فراہم کی گئیںجبکہ لاہور کے ماڈل بازار میں بچوں کے لیے اسی پلاسٹک سے پلے ایریا بنایا گیا۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں ضبط شدہ پلاسٹک سے بینچز اور حکومتی دفاترمیں کرسیاں مہیا کی جارہی ہیں ،آئندہ دنوں میں اس پلاسٹک سے گٹروں کے ڈھکن بنائے جائیں گے اور اس حوالے سے سی ینڈ ڈبلیواورلوکل گورنمنٹ سے مشاورت جاری ہے ۔
انہوںنے کہا کہ راولپنڈی میں 1754 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط اور85,000 روپے جرمانہ عائد کئے گئے ،41 ہول سیلرز اور پروڈیوسرز کی محکمہ تحفظ ماحول کے ساتھ رجسٹریشن مکمل ہو گئی ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسانی صحت اورماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مریم نواز شریف سنجیدہ ہیں،پلاسٹک پر پابندی ماحولیاتی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے اس کے لئے سب کو تعاون کرنا ہوگا،صاف اور صحت مند ماحول کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا ضروری ہے،پلاسٹک کے ذرات خوراک اور پانی میں شامل ہو کر بیماریوں کا سبب بنتے ہیں،
پولیتھین بیگز کے جلنے سے خطرناک زہریلے کیمیکل پیدا ہوتے ہیں،پلاسٹک کا بے جا استعمال کینسر، دل کی بیماریوں اور ہارمونی مسائل کا باعث بن سکتا ہے،ان کے فضلے سے پیدا ہونے والی آلودگی سانس کی بیماریوں کو بڑھا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پلاسٹک کا ماحول میں ہزاروں سال تک ختم نہ ہونا صحت اور زمین دونوں کے لیے نقصان دہ ہے،عوام پلاسٹک کے متبادل بیگز استعمال کرنے کو دوبارہ رواج دیں،عوام سے اپیل ہے کہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ماحول دوست مصنوعات اپنائیں،پلاسٹک کے استعمال پر قابو پا کر آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔