لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں سپن وکٹوں کے استعمال پر ہونے والی تنقید رد کر دی۔
مائیک ہیسن نے سپن وکٹوں پر تنقید کا جواب دیتے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ آئندہ ورلڈ کپ میں صرف تیز اور باؤنسی وکٹوں پر ہی کھیلنا ہوگا۔
پہلے میچ کے بعد بعض کرکٹ ماہرین اور مبصرین نے سپن کیلئے سازگار وکٹوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے پاکستان کو فاسٹ اور باؤنسی وکٹوں پر کھیلنا چاہیے۔
مائیک ہیسن نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا کی تمام وکٹوں کو یکساں طور پر تیز اور باؤنس والی قرار دینا حقیقت کے برعکس ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ وہ گزشتہ چند دنوں سے یہ بحث سن رہے ہیں کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی وکٹیں ورلڈ کپ کی مناسب تیاری نہیں ہیں لیکن حقیقت اس سے مختلف ہے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ 2027 کا ورلڈ کپ صرف جنوبی افریقا میں نہیں بلکہ زمبابوے اور نمیبیا میں بھی کھیلا جائے گا جہاں سپن باؤلنگ اہم کردار ادا کرتی اور پاکستان کو وہاں میچز کھیلنے ہوں گے۔









