68

لوگوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ د ینے سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا ،مصدق ملک

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیربرائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ لوگوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے تو پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدریکےلئے اس ملک میں بہت خوشحالی ہے، اس وقت ملک کی 99 فیصد کی طاقت اور 70 فیصد ملک کی دولت اس کمرے میں بیٹھی ہے اور سوال ہم چوہدری کے مزارعے کا پوچھ رہے ہیں وہ یہاں ہے ہی نہیں، خوشحالی کا طریقہ پیداواری صلاحیت میں اضافے ہے لیکن اس وقت ہوگی جب آپ لوگوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت پاکستان کو ڈالر 12 فیصد شرح سود پر ملتا ہے لیکن 50 لوگوں کو 4 ارب ڈالر صفر شرح پر دے دیئے گئے، اب سوال پوچھا جاتا ہے کہ باقی لوگ غریب کیوں ہیں؟ 4 ارب ڈالر چھوٹی فیکٹریاں لگانے کے لیے نوجوانوں کو بھی تو دیئے جاسکتے تھے لیکن پاکستان میں خوشحالی کا راستہ صرف طاقت اور اثرو رسوخ تک رسائی بن چکا ہے۔مصد ق ملک کا کہناتھاکہ برآمدات میں ترقی ہی پائیدار ترقی ہے، حکومتی کوششوں سے معاشی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں، خوشحالی کا واحد راستہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہے،

ماحول دوست معاشی ترقی وقت کا تقاضا ہے، ترقی تب آئے گی جب ہر شہری کو کام کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، مخصوص طبقے کو سستی بجلی، گیس اور ٹیکس چھوٹ دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، ریاست کو اب کاروبار چلانے کے بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہوگا، نجکاری کوئی نظریاتی منصوبہ نہیں بلکہ مارکیٹ کی خرابیوں کو درست کرنے کا طریقہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں