لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ بار کے بائیومیٹرک انتخابات 26فروری کو ہوں گے

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائی کورٹ بارالیکشن کیلئے امیدواروں کی انتخابی مہم جاری ہے، بائیو میٹرک انتخابات 26 فروری کو ہوں گے۔ لاہور ہائی کورٹ بارکے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر اور حامد خان گروپ کے امیدوار مدمقابل ہوں گے۔ 26 فروری کو ہائی کورٹ بار کے4عہدوں کیلئے16امیدواروں میں مقابلہ ہوگا جبکہ 23 ہزار 596 ووٹر وکلا اپناحق رائےدہی استعمال کریں گے۔

عاصمہ جہانگیرگروپ کی جانب سے صدارتی امیدوار سردار اکبر ڈوگر ہوں گے جبکہ حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار رانا اسد اللہ خان ہوں گے۔ امیدواروں کے ضابطہ اخلاق سے متعلق احاطہ ہائی کورٹ بار میں فلیکسز آویزاں کردیے گئے ہیں۔ ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد نہ کرنے والے امیدواروں کوجرمانہ کیاجائے گا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار کو نااہل بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور نگرانی کے لیےکمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

چیئرمین الیکشن بورڈ نے5 رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں محمد جاوید قصوری ایڈووکیٹ کمیٹی کے چیئرمین مقرر کر دیے گئے ہیں۔ کمیٹی میں مقبول حسین،طارق منظور، نجمہ پروین، روہی اعوان شامل ہیں جو کمیٹی بار بی کیو، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی امیدواروں کے الیکشن آفسز کا وزٹ کرے گی۔ کمیٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ جرمانہ کرنے کی مجاز ہوگی۔

چئیرمین الیکشن بورڈ کے مطابق الیکشن کے روز ضابطہ اخلاق کے حوالے سے احاطہ ہائی کورٹ میں فلیکسز آویزاں کردیے گئے۔ امیدوار الیکشن کے روز لنچ بکس تقسیم کر سکیں گے۔