لاہور کے تعلیمی بورڈ

لاہور کے تعلیمی بورڈ میں جدید سہولیات سے مزین “سہولت مرکز”قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) اعلی و ثانوی تعلیمی بورڈ لاہور طالب علموں، تعلیمی اداروں اور عوام کی سہولت کے لیے جدید سہولیات سے مزین سہولت مرکز قائم کرے گا۔ جہاں پر آنے والے افراد کے تعلیمی معاملات کو ایک ہی چھت تلے دس منٹ میں نبٹایا جائے گا۔

یہ بات چیئرمین پروفیسر ریاض احمد ہاشمی نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔اجلاس میں سیکرٹری بورڈ اظہر منیر، کنٹرولر امتحانات انفاس احمد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔چیئرمین نے بتایا کہ سہولت مرکز، مرکزی داخلی راستہ پر بنایا جائے گاجہاں پر آنے والے افراد کے لیے، مثنی رزلٹ کارڈ، این او سی، رولنمبر سلپ اور تعلیمی کاغذات کی تصدیق جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

اس سہولت مرکز کے قیام کا مقصد عوام الناس، بالخصوص خواتین اور طالبات کو تعلیمی امور میں بہترین سروس کے ذریعے سہولت مہیا کرنا ہے تاکہ انہیں بلاوجہ انتظار کی زحمت نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے دفتری عملے کو مزید ہدایت کی کہ دفتر آنے والے طالب علموں اور دیگر افراد کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور تعاون پر مبنی رویہ روا رکھا جائے تاکہ ان کے تعلیمی سفر میں کوئی مشکل نہ آئے۔