سپریم لیڈر

غربت کو سپریم لیڈر سے جوڑنے پر ایران میں ایک اخبار پر پابندی

تہران (رپورٹنگ آن لائن)ایرانی عدالتی حکام نے ایک اخبار کو ایران میں غربت کو سپریم لیڈر سے جوڑنے پر بند کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بتایا گیا ہے کہ کلید نامی اخبار کے فرنٹ پیج پر ایک گرافک شائع کیا تھا، جس میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ملک میں غربت کی تصویر کھینچتے دکھایا گیا تھا۔

نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا کی نگران باڈی نے شائع ہونے والے اس گرافک اور ایران میں غربت سے متعلق مضمون کے بعد اس اخبار پر پابندی عائد کر دی۔ کلید اخبار کی جانب سے اس بابت کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے، تاہم ایرانی میڈیا کے مطابق اس اخبار کی ویب سائٹ اب آف لائن ہے۔