مرتضیٰ وہاب

عید کا مقصد ہی تمام مسلمانوں کا مل کر باہمی اتحاد، اخوت، بھائی چارے اور محبت سے منانا ہے،میئر کراچی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاہے کہ عید مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے، عید کا مقصد ہی تمام مسلمانوں کا مل کر باہمی اتحاد، اخوت، بھائی چارے اور محبت سے منانا ہے،ہمیں عید کے موقع پر ایک دوسرے کی غلطیوں کو درگزرکرنا چاہیے تاکہ عید کی خوشیاں دوبالا ہوسکیں.

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اس موقع پر معمولی انتظامی غفلت پر معطل کیے جانے والے ملازمین و افسران کو بحال کرنے کے احکامات جاری کیے،انہوں نے کہا کہ ان افسران و ملازمین کو بحال کرنے کا مقصد ان کی اور ان کے خاندان کی خوشیوں میں شامل ہونا ہے،میئر کراچی نے توقع ظاہر کی کہ بحال ہونے والے افسران و ملازمین آئندہ محنت، لگن اور توجہ کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے، انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ وہ آئندہ انتظامی غفلت نہیں برتیں گے.

ے ایم سی کے ترجمان نے کہا کہ بحال ہونے والے افسران و ملازمین میں اختیارات سے تجاوز کرنے والے،مالی بے ضابطگی اور سنگین نوعیت کی انتظامی بدعنوانی کرنے والے افسران و ملازمین شامل نہیں ہیں،ایسے افسران جن کے خلاف عدالتی کارروائی،انکوائری جاری ہے یا ان پر الزامات ثابت ہوچکے ہیں بحال ہونے والوں میں شامل نہیں ہوں گے، میئر کراچی نے تمام مسلمانوں خصوصا کراچی کے شہریوں کو عید کی مبارک باد بھی پیش کی۔