عیدالاضحی کی تعطیلات

عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رکھنے کی ہدایت

فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن) عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں علاج معالجہ کی مستعد سہولیات فراہم ہوسکیں۔

کمشنر فیصل ۱ٓباد ڈویژن عشرت علی نے منگل کے روز ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل ۱ٓباد ،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے محکمہ صحت کے حکام، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اور ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صاحبان سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پرسرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل سٹاف اور وافر ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے سمیت ڈیوٹی روسٹر پر مشتمل جامع پلان کمشنر ۱ٓفس کو فراہم کریں۔انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر مربوط حکمت عملی کے تحت انتظامی وحفاظتی انتظامات کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ حفاظتی اقدامات کا ہر زاویہ سے جائزہ لیا جائے اور لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی آلات کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل ۱ٓباد ،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز سے بھی کہا کہ عیدالاضحی انتظامات کی نگرانی کیلئے کنٹرول رومز کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے جبکہ متعلقہ اداروں کے سٹاف کی چھٹیاں منسوخ ہونگی۔انہوں نے عیدالاضحی کے انتہائی محدود اجتماعات کے مقامات اورعوامی مقامات کی معیاری صفائی ستھرائی،بہترین ٹریفک مینجمنٹ وپارکنگ،سیوریج سسٹم کو درست رکھنے کی تاکید کی۔

انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کو عیدکے موقع پر پیشہ ور گداگروں کی یلغار روکنے،شعبہ ٹرانسپورٹ کو مسافر گاڑیوں میں اوورچارجنگ اور زائد کرایہ کی وصولی کی روک تھام کیلئے ذمہ داریاں ادا کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کو عارضی مویشی منڈیوں اور شہر کے داخلی راستوں پر جانوروں کوکورونا وائرس سمیت چیچڑوں سے بچاؤ کیلئے سپرے مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بیوپاریوں،شہریوں،قصابوں کو کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونے کا احساس دلانے کیلئے آگاہی پروگرام جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرزاور چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن وضلع کونسل سے کہا کہ وہ اپنی تحصیلوں میں عیدالاضحی کے انتظامات کی مکمل نگرانی کریں اور صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے میں کوئی کمی باقی نہیں رہنی چاہیے۔انہوں نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تیز رفتاری کے ساتھ ٹھکانے لگانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔