لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت، مستحق خاندانوں کی مدد اور کارکنان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑا رہنا ہی مسلم لیگ (ن)کی سیاست کا بنیادی مقصد ہے،قائد نواز شریف اور وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقے کے مختلف مستحق خاندانوں میں مالی معاونت کے تحت دس، دس ہزار روپے کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب اور بعد ازاں کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سننے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و انرجی ملک فیصل ایوب کھوکھر ،بیرسٹر عمیر سیف کھوکھر اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سیف الملوک کھوکھر اور فیصل ایوب کھوکھر نے حلقے کے لوگوں کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں استحکام آ رہا ہے اور ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے اور عوام کی ترقی کے لئے جس طرح دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔اس موقع پر اہل علاقہ اور کارکنان نے مسلم لیگ (ن)کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔









