لاہور(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے عمران خان کو قانونی اورآئینی طریقے سے گھر بھجیں گے، قوم تیاری پکڑے ملک پر مسلط مافیا سے چھٹکارے کا وقت آگیا ہے، اتوار کو ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ شہبازشریف اور آصف زرداری کی ملاقات سے حکومت کے ہاتھ پاﺅں پھول چکے ہیں، ریت کی دیوار اور بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کی بنیادیں ہل چکی ہیں، اس دھکے سے تبدیلی وزیراعظم ہاﺅس سے نکل کر دریائے سوات میں بہہ جائے گی،
انہوں نے کہا کہ پرچی ترجمان صاحب بے فکر رہیں، عمران خان کو قانونی اورآئینی طریقے سے گھر بھجیں گے، ہم عمران خان گریبان سے پکڑ وزیراعظم ہاس سے نہیں نکالیں گے اور نہ پارلیمنٹ پر لعنت بھجیں گے،عظمی بخاری نے کہا کہ جعلی حکومت کو پوری قوم بددعائیں دے رہی ہے اور لعنتیں بھیج رہی ہے، تبدیلی مافیا نے جتنا قوم کی رگوں سے خون نچوڑنا تھا نچوڑ لیا ہے،انکا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت کو کشکولی قوت بنانے کا تمغہ عمران خان کو مل چکا ہے، قرضے پر خودکشی کو ترجیح دینے والا ہینڈسم جس ملک کے سربراہ سے ملا فورا سامنے ہاتھ پھیلا دیا، جوبائیڈن اور غیر ملکی سربراہ اسکے ہاتھ پھیلانے کی عادت کی وجہ سے اس سے ملنے کو تیار نہیں، قوم تیاری پکڑے ملک پر مسلط مافیا سے چھٹکارے کا وقت آگیا ہے۔









