اسلام آباد ہائی کورٹ

عمران خان اور دیگر کا نام ای سی ایل میں ڈال کر غداری کا مقدمہ چلانے کی اپیل خارج

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے اور غداری کا مقدمہ چلانے کی اپیل خارج کردی ۔

ہائی کورٹ کے دو رکنی ڈویژن بینچ نے سنگل بنچ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے غیرملکی خط کی تحقیقات کرانے سے متعلق درخواست پر سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے نہ صرف عمران خان و دیگر کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا بلکہ درخواست گزار مولوی اقبال حیدر پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی برقرار رکھا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سردار اعجاز خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ نے درخواست 1 لاکھ جرمانہ کے ساتھ خارج کر دی تھی۔