وزیرآباد(رپورٹنگ آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گھر گھر تعلیم پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ تعلیم سب کیلئے سلوگن پر کام کرنا اہم مشن ہے۔
بہت جلد دنیا کے بڑے ایجوکیشنل نیٹ ورک مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر گوجرانوالہ کیمپس ڈاکٹر بشیر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم عام کرنے کیلئے گراس روٹ لیول پر کام کر رہے ہیں اس سلسلہ میں ڈاکٹر بشیر احمد نے کہا کہ ہم ہر کالج، سکول، مدارس اور بزنس کمیونٹی سے رابطہ کر رہے ہیں تاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
موجودہ دور میں ملک بھر میں سستی اور مناسب فیسوں کے ساتھ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہی طلبا داخلہ لے رہے ہیں۔ ہم فخر سے کہ سکتے ہیں کہ ایک ہی وقت میں سمیسٹر سسٹم کے تحت کئی سبجیکٹ میں یونیورسٹی طلبا کو داخلہ دیتی ہے جو ملک کی کسی تعلیمی ادارے یونیورسٹی میں سہولت نہیں۔ ڈاکٹر بشیر احمد نے مزید کہا کہ ان کی ملاقات مسلم ہینڈز کے کنٹری مینجر سید ضیا النور سے ہوئی ہے اور بہت جلد ان کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے کیونکہ مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ملک بھر میں سولہ سو کے قریب سکولز سسٹم میں طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مدارس کے مہتم اساتذہ پر زور دیا ہے کہ یہ لوگ یونیورسٹی سے استفادہ حاصل کریں۔ حکومت کی احکامات کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ ضرورت مندوں اور فیس کی چھوٹ کے حق داروں سے ہر ممکن طریقہ سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔ اس سلسلہ میں جو لوگ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں فیس کم یا معاف بھی کروائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی داخلوں کی تاریخ میں وقت ہے تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا یونیورسٹی میں داخلہ لے سکتے ہیں۔