سندھ ہائیکورٹ

عدالت کا پی ٹی آئی کے تمام گرفتاریو سی چیئر مینز کو سٹی کونسل پہنچانے کا حکم

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے میئر کراچی کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے تمام گرفتار یو سی چیئرمینز کو میئر کے الیکشن کے لئے سٹی کونسل پہنچانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس محمد عبد الرحمان پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو میئر کراچی کے انتخاب میں منتخب یو سی چیئرمین کو حصہ لینے سے روکنے سے متعلق جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے سیف الدین ایڈوکیٹ اور عثمان فاروق ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔

پولیس اور سندھ حکومت نے چار گرفتار یو وی چیئرمین کی فہرست پیش کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فردوس شمیم نقوی، عمردروز، سید امجد اور محمد مصطفی مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں۔ فردوس شمیم نقوی این آئی سی وی ڈی سکھر میں زیر علاج ہیں۔ سندھ حکومت نے تمام منتخب نمائندوں سٹی کونسل پہنچانے سے معذرت کرلی۔

ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ ہم تمام منتخب افراد کو پہنچانے کی ذمہ داری نہیں لے سکتے۔ جماعت اسلامی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 2 روز قبل بھی ایک یو سی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی گرفتار ہونے والے یو سی چیئرمین کی الگ سے تفصیل پیش کریں۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، وہ کیا کررہا ہے؟۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایت ہے منتخب نمائندوں کو الیکشن عمل میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ گرفتار منتخب نمائندوں کو الیکشن ڈے پر متعلقہ فورم تک پہنچانے کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ جو نمائندے گرفتار نہیں ان کی شرکت کی ذمہ داری ہماری نہیں۔

جماعت اسلامی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سٹی کونسل اور ٹاؤنز میں پولیس نے منتخب نمائندوں کو ہراساں کیا۔ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کو میئر اور ٹاؤنز کے انتخابات میں شرکت سے روکا جارہا ہے۔ عدالت تمام منتخب نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنانے کا حکم دے۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ جماعت اسلامی کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں اس لیئے جھوٹے الزمات لگائے جارہے ہیں۔

جماعت اسلامی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ شکست سے خوفزدہ پیپلز پارٹی انتظامی مشینری کو استعمال کررہی ہے۔ عدالت نے میئر کراچی کے الیکشن میں تمام منتخب نمائندوں کی شرکت یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت گرفتار منتخب نمائندوں کو بحفاظت سٹی کونسل پہنچائے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق تمام منتخب نمائندوں کو میئر اور ٹاؤنز کے انتخابات میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے تمام گرفتار یو سی چیئرمینز کو میئر کے الیکشن کے لئے سٹی کونسل پہنچانے کا حکم دیدیا۔