کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ آنکھیں قدرت کی ایک انمول نعمت ہیں، ہمیں ان کی حفاظت کرنی چاہیے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آنکھوں کی صحت کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا خوش آئند اقدام ہے۔ یہ بات انہوں نے سی ایم ہاس میں منعقدہ آنکھوں کے کیمپ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوامی صحت کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بینائی کی حفاظت کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنکھوں کی صحت کو نظرانداز کرنا اپنی زندگی کو دھندلا دینے کے مترادف ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عوامی آگاہی مہمات صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں اور روشن نظر ہی روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ قبل ازیں عالمی بینائی کے دن کی مناسبت سے وزیراعلی ہاس میں ایل آر بی ٹی کی جانب سے “روشن نظر، روشن مستقبل” کے عنوان سے مفت آنکھوں کا کیمپ منعقد کیا گیا۔
کیمپ کا افتتاح سیکریٹری ٹو سی ایم عبدالرحیم شیخ نے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی ہاس کے افسران، ملازمین اور طبی عملہ بھی موجود تھا۔کیمپ میں آنکھوں کا معائنہ، بینائی کے ٹیسٹ، ابتدائی تشخیص اور ضروری علاج و مشورے مفت فراہم کیے گئے۔ وزیراعلی ہاس کے سینئر ڈاکٹر مکیش کمار نے عالمی بینائی کے دن کی اہمیت اور کیمپ کے اغراض و مقاصد سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں آنکھوں کی صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری ٹو سی ایم عبدالرحیم شیخ نے کہا کہ ایل آر بی ٹی ایک قابلِ تحسین ادارہ ہے جو بینائی کی بحالی اور عوامی فلاح میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ آنکھوں کی صحت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ روشن نظر ہی روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ وزیراعلی سندھ کی ہدایت کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی ہاس کے افسران اور عملے کی شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم سب کو اپنی صحت خصوصا آنکھوں کی حفاظت کے لیے سنجیدہ ہونا چاہیے۔