کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر عارف علوی کی بطور سابق صدر سرکاری رہائشگاہ کی فراہمی سے متعلق درخواست پر درخواستگزار کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں سابق صدر عارف علوی کی بطور سابق صدر سرکاری رہائشگاہ کی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے جواب داخل کروادیا۔ جواب میں کہا گیا کہ بنگلہ نمبر 5 باتھ آئی لینڈ کسٹم افسر کو وفاقی حکومت کے افسر کے طور پر الاٹ کیا گیا تھا۔ اس بنگلے کی الاٹمنٹ کے متعلق عدالتی چارہ جوئی جاری ہے۔ عدالتی حکم امتناع کے باعث مجاز اتھارٹی کوئی بھی اقدام کرنے سے قاصر ہے۔
عدالت جو بھی فیصلہ کریگی اس کی ہدایت کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ درخواست کا قانون کے مطابق فیصلہ کردیا جائے۔ عدالت نے درخواستگزار کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ بیرسٹر علی طاہر نے موقف دیا تھا کہ ڈاکٹر عارف علوی بطور سابق صدر مملکت سرکاری رہائشگاہ کے اہل ہیں۔ سابق صدر کو باتھ آئی لینڈ میں جو بنگلہ الاٹ کیا تھا اسے خالی کراکے قبضہ دلایائے۔









